ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اگلے میئر کے انتخاب پر دیوے گوڈا کا مبہم موقف

اگلے میئر کے انتخاب پر دیوے گوڈا کا مبہم موقف

Sat, 13 Aug 2016 00:21:31    S.O. News Service

بنگلورو۔12/اگست(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے اگلے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے مرحلے میں جنتادل (ایس) کس پارٹی کے ساتھ مفاہمت کرے گی اس سلسلے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر اور سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور دیگر ریاستی لیڈروں کو طلب کرکے ان سے بات چیت کے بعد فیصلہ لیا جائے گا۔ یہ بات آج جنتادل (ایس) کے قومی صدر اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہی۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میئر کے انتخاب کے مرحلے میں کانگریس سے اتحاد برقرار رکھا جائے یا پھر بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملالیا جائے۔ اس سلسلے میں کمار سوامی سے مشورہ کے بعد ہی قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے بی بی ایم پی انتخابات کے بعد کانگریس سے اتحاد کے بعد تین ماہ کے عرصہ میں یہ اتحاد تقریباً ختم ہوگیا۔ اب شہر سے منتخب تینوں جے ڈی ایس اراکین اسمبلی معطل ہیں اور انہوں نے کانگریس کے ساتھ ساز باز شروع کرلی ہے۔اسی لئے پارٹی نے اگلے میئر کے انتخاب کو ایک چیلنج کے طور پر اپنایا ہے۔ پارٹی کی طرف سے میئر کے عہدہ کیلئے جس امیدوار کی حمایت کا فیصلہ لیا جائے گا اس کی تائید کرنے تمام کارپوریٹروں کو وہپ جاری کی جائے گی۔وہپ پامال کرنے والے کارپوریٹروں کو اپنی بی بی ایم پی رکنیت گنوانی پڑ سکتی ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ آئندہ نومبر میں جنتادل (ایس) کے نئے ریاستی دفتر کا افتتاح عمل میں آئے گا۔اس دفتر کے افتتاح کیلئے جے پی تحریک میں حصہ لینے والے سبھی لیڈران بشمول سابق نائب وزیراعظم ایل کے اڈوانی اور دیگر کو مدعو کیا جائے گا۔


Share: